کوٹٹایم، 20اگست؍(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)سی پی آئی لیڈر اور راجیہ سبھا رکن ڈی راجہ نے ملک میں دلتوں پر ہو رہے ظلم کے واقعات سے نمٹنے کے مرکز کی بی جے پی حکومت کے طور طریقوں پر تنقید کرتے ہوئے آج کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو ایسی قوتوں سے سختی سے پیش آنا چاہئے۔راجہ نے گزشتہ ہفتے حیدرآباد میں مودی کے اس بیان کا بھی حوالہ دیا جس میں وزیر اعظم نے کہا تھا کہ اگر آپ کو گولی مارنی ہے تو مجھے ماریں، میرے دلت بھائیوں کو نہیں۔سی پی آئی لیڈر نے اس پر کہا کہ وزیر اعظم کے اس معاملے پر بولنے کا یہ ٹھیک طریقہ نہیں ہے،اس کے بجائے انہیں ملک میں دلتوں اور عورتوں کو نشانہ بنانے والی شرپسند قوتوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرنی چاہئے۔راجہ نے یہاں صحافیوں سے کہا کہ مودی کو کہنا چاہئے کہ ملک کے قانون کی پیروی کریں گے،آئین ہی ملک کا قانون ہے،آئین پر عمل کیا جائے گا،چاہے کوئی بھی شخص ہو، چاہے کوئی بھی تنظیم ہو، وہ آئین کی خلاف ورزی کرتی ہے تو ان پر کارروائی کی جائے گی۔سی پی آئی لیڈر نے کہا کہ بی جے پی دور حکومت میں دلت اور خواتین غیر محفوظ محسوس کرتی ہیں کیونکہ ہندو طاقتیں ان پرسنگھی خیال مسلط کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔